ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: لاک ڈاؤن قوانین میں کیاگیا ایک اور قانون کا اضافہ۔ گھر یا کمرہ کراے پر دینے سے پہلے اجازت لینا ضروری؛ لاک ڈاون میں 3 مئی تک کا اضافہ

کاروار: لاک ڈاؤن قوانین میں کیاگیا ایک اور قانون کا اضافہ۔ گھر یا کمرہ کراے پر دینے سے پہلے اجازت لینا ضروری؛ لاک ڈاون میں 3 مئی تک کا اضافہ

Sun, 19 Apr 2020 17:25:21    S.O. News Service

کاروار،19/اپریل (ایس او نیوز)لاک ڈاؤن کی وجہ سے ضلع شمالی کینر امیں جو قوانین نافذ ہیں اس میں ایک اور شق کا اضافہ کرتے ہوئے عوام کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مقامی تحصیلدار یا پولیس آفیسر کی طرف سے اجازت حاصل کیے بغیر کسی بھی نئے شخص کو اپنا مکان یا کمرہ کرایے پر ہرگز نہ دیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے بتایا کہ کووِڈ 19وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرنے کے باوجود حالات پوری طرح قابو میں نہیں آئے ہیں۔اسی لئے لاک ڈاؤن کو 3مئی تک کے لئے بڑھا دیا گیا ہے۔اس دوران دیگر اضلاع میں کورونا کے نئے معاملات سامنے آرہے ہیں۔اس کی اہم وجہ لوگوں کا ایک ضلع سے دوسرے ضلع اور ایک ریاست سے دوسری ریاست میں آنا جانا ہے۔جس کی وجہ سے بیرون ضلع یا بیرون ریاست سے آنے والوں کی تفصیل حاصل کرنا متعلقہ ضلع انتظامیہ کے لئے بہت ضروری ہے۔

لہٰذا اب جو نیا قانون جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق کسی بھی شخص کو اپنے مقام سے دوسرے ضلع یا ریاست میں جانے سے پہلے ضروری پاس حاصل کرنا ہوگا اور جس جگہ وہ جارہا ہے وہاں پہنچنے پر بلدیہ کے افسران،تعلقہ انتظامیہ کے افسران،پولیس افسران یا طبی عملے سے متعلقہ افسران میں سے کسی ایک کو اس کی اطلاع دینی ہوگی۔بالکل اسی طرح بیرون ضلع یا ریاست سے ضلع شمالی کینرا میں لوٹنے والوں کے بارے میں گھر کا جو ذمہ دار فرد ہے اسے متعلقہ افسران میں سے کسی ایک کو مطلع کرنا ہوگا۔بغیر پاس یا اجازت نامے والے کسی بھی شخص کو کوئی بھی اپنی موٹر گاڑی میں سوار کرکے ساتھ میں لا نہیں سکے گا۔

ڈی سی نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مندرجہ بالا قانو ن کی پابندی نہ کرنے پر متعلقہ افراد کے خلاف ڈسیاسٹر منیجمنٹ ایکٹ اور آئی پی سی کی دفعات کے تحت کارروائی کی  جائے گی۔


Share: